مانسہرہ: (MansehraDotCom) ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے شہر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف باقاعدہ کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے، جس کے دوران مانسہرہ اور ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے متعدد بھکاریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مانسہرہ سے گرفتار کیے گئے چند افراد خواتین کا روپ دھار کر سڑکوں اور بازاروں میں بھیک مانگتے تھے۔ یہ افراد خواتین کے کپڑے پہن کر شہریوں کو دھوکہ دیتے اور مختلف مقامات پر پیشہ ورانہ طور پر بھیک مانگتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے اہم بازاروں، چوکوں، بس اڈوں اور ٹریفک سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ ان کے نیٹ ورک کے بارے میں بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور ایسے افراد کو بھیک دینے سے گریز کریں۔ شہریوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر ان کے علاقے میں پیشہ ور بھکاری موجود ہوں تو فوری طور پر پولیس یا ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ شہر میں پیشہ ورانہ بھیک مانگنے کے رجحان کا خاتمہ کیا جا سکے اور شہریوں کو اس مسئلے سے نجات دلائی جا سکے۔
مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گرفتار
15