ہری پور (خصوصی رپورٹ): تربیلا جھیل میں طوفان کے شدید بھنور نے ایک کشتی کا انجن بند کر دیا، جس کے بعد کشتی بے قابو ہو کر تربیلا ڈیم کے خطرناک ریڈ زون میں داخل ہونے لگی۔ کشتی میں سوار دونوں افراد کی جان خطرے میں تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق، اچانک واپڈا کے سیکورٹی اہلکار نے بغیر کسی تحقیقات کے کشتی پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کشتی پر سوار شیر اسلم موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ کشتی میں موجود دوسرا شخص، جو انجن کے پیچھے چھپ گیا، معجزانہ طور پر اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا۔
واقعات کے فوری بعد تھانہ غازی کی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واپڈا کے سیکورٹی گارڈ کو گرفتار کر کے قتل کی مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانونی کارروائی کے تحت ملزم کو سخت سزا دی جائے گی۔
واپڈا کے سیکیورٹی اہلکار نے ابتدائی بیان میں کہا کہ وہ کشتی کے ریڈ زون میں داخل ہونے پر خطرے کے پیش نظر فوری ردعمل کے طور پر فائرنگ کرنے پر مجبور ہوئے، تاہم واقعے کی تحقیقات کے بعد ہی حقیقی ذمہ داری طے کی جائے گی۔


عینی شاہدین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جھیل اور ڈیم کے ارد گرد سیکورٹی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے تاکہ ایسے المناک حادثات دوبارہ نہ ہوں۔
ہری پور: تربیلا جھیل میں کشتی پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، دوسرا معجزانہ طور پر بچ گیا.
15