ہری پور: ڈالڑی میں دوہرے قتل کا افسوسناک واقعہ

19

ہری پور: (مانسہرہ_ڈاٹ_کام) تھانہ بیڑ کی حدود موضع ڈالڑی میں دوہرے قتل کا واقعہ پیش آیا، جس میں ملزم شہزاد ولد حمید سکنہ ڈالڑی کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔ ایمبولینس کی عدم دستیابی کے باعث مقتولین کی نعشیں علاقہ مکینوں نے ویگنوں اور ٹویوٹا ہائی ایس کی چھتوں پر رکھ کر ہری پور ٹراما سنٹر پہنچائیں۔
واقعہ میں زخمی نوجوان افتخار ولد ولی محمد سکنہ ڈالڑی کو ایبٹ آباد ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ قتل رشتے کے تنازعے کے باعث پیش آیا۔ زخمی نوجوان افتخار نے پولیس کو بتایا کہ پیر کی شام افطاری سے قبل وہ اپنے موٹر سائیکل پر طفیل ولد آمین اور منور ولد منیر سارد کے ساتھ جا رہے تھے کہ لنک روڈ ڈالڑی کے قریب ملزم شہزاد نے ان کا راستہ روکا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آپ سے کوئی معاملہ نہیں، ہمیں جانے دیں، لیکن ملزم نے پستول نکال کر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں طفیل اور منور موقع پر جاں بحق ہو گئے اور افتخار شدید زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق تھانہ بیڑ کے ایس ایچ او ذوالفقار علی نے چار گھنٹوں کے اندر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر کے 302/324 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب ہری پور ٹراما سنٹر میں مقتولین کی نعشیں اتارتے وقت مختلف حلقوں نے سوال اٹھایا کہ علاقہ تناول کے دور افتادہ دیہاتوں میں ایمبولینس جیسی بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں، حالانکہ سیاسی نمائندے ووٹ لینے آتے ہیں۔ اس سنگین مسئلے کے حل کے لیے حکومتی اداروں، علاقائی نمائندوں اور سماجی فلاحی تنظیموں کو مشترکہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ علاقہ تناول میں تناول ویلفئیر آرگنائزیشن نے بعض دیہات کے لیے ایمبولینس سروس شروع کر رکھی ہے، اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اس خدمت کو دیگر دیہات تک بھی پہنچایا جائے۔
رپورٹ: مشرف ہزاروی، ہری پور

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں