راولپنڈی (مانسہرہ_ڈاٹ_کام)


پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ کینٹ، سکندر آباد اور نواں شہر کی حدود میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو خطرناک اور ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محسن اور حسن پسران سہیل کے نام سے ہوئی ہے جو لاہور کے رہائشی اور آپس میں سگے بھائی ہیں۔
پولیس کے مطابق گزشتہ رات ملزمان کا تعاقب کیا گیا تو انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم محسن زخمی ہو گیا جسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا بھائی حسن فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بعد ازاں حسن کو بھی گرفتار کر لیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں ملزمان ایک منظم ڈکیت گینگ کا حصہ ہیں اور اس سے قبل بھی نصف درجن سے زائد مقدمات میں ملوث رہ چکے ہیں۔ ملزمان شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے اور مختلف تھانوں کو عرصہ دراز سے ان کی تلاش تھی۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں مال مسروقہ برآمد کیا ہے، جس میں:
تھانہ نواں شہر کی حدود میں بشیر ولد زمان سے چھینے گئے دو موبائل فون اور نقدی
تھانہ سکندر آباد کی حدود جھگیاں میں محسن ولد ارشاد کی دکان سے لوٹی گئی رقم
تھانہ کینٹ کی حدود مری روڈ پر لیاقت قریشی کی دکان سے چھینی گئی نقدی اور موبائل فون
شامل ہیں۔
بعد ازاں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ، ڈی ایس پی کینٹ طاہر سلیم اور ایس ایچ او کینٹ علی جدون نے برآمد شدہ رقم اور موبائل فونز اصل مالکان کے حوالے کیے۔ شہریوں نے پولیس کی اس بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
🚨 راولپنڈی: تھانہ کینٹ، سکندر آباد اور نواں شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک گینگ بے نقاب 🚨
21