🚨 براہمہ انٹرچینج کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ 🚨

2

(مانسہرہ_ڈاٹ_کام) موٹروے ایم ون پر براہمہ انٹرچینج کے قریب ایک انتہائی افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق جبکہ ان کے دو کمسن بچے شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کھلابٹ سیکٹر 4 کے رہائشی نوجوان اپنے اہلخانہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے کہ اچانک گاڑی کا ٹائر کھل گیا، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ میاں بیوی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کا تعلق سابق فارسٹ آفیسر عنایت الرحمن خان کے خاندان سے ہے، جبکہ وہ محلہ پھلدار کے رہائشی حاجی جاوید خان کے بھتیجے بھی تھے۔ اس دلخراش واقعے نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں تشویشناک حالت میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
اہل علاقہ نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمی بچوں کو جلد صحت یاب کرے۔ آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں