🚨 مانسہرہ: غیر قانونی افغان مہاجرین کی ضمانتیں مسترد، ڈی پورٹیشن کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ

16

مانسہرہ: (مانسہرہ_ڈاٹ_کام)

سیشن کورٹ مانسہرہ نے غیر قانونی طور پر مقیم درجنوں افغان مہاجرین کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے اہم فیصلہ سنا دیا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے مہاجرین کو ڈی پورٹ کرنے کے عمل کو تیز کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران غیر قانونی رہائش اختیار کرنے والے افغان شہریوں کو حراست میں لیا۔ کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں کچھ تاجر بھی شامل ہیں جو بغیر قانونی دستاویزات کاروبار کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف فارن ایکٹ 1946ء کی دفعہ 14 کے تحت مقدمات درج کیے گئے، جس کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں ملزمان کی جانب سے سیشن عدالت میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئیں، تاہم عدالت نے شواہد اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔
عدالتی فیصلے کے بعد ضلعی انتظامیہ، پولیس اور امیگریشن حکام نے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا شروع کر دی ہے، جس کے تحت قانونی کارروائی مکمل ہوتے ہی ان مہاجرین کو مرحلہ وار طور پر افغانستان واپس بھیجا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حکام کی جانب سے مزید سخت اقدامات بھی زیر غور ہیں تاکہ غیر قانونی رہائش کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے اور صرف قانونی دستاویزات رکھنے والے غیر ملکی شہریوں کو ہی قیام کی اجازت ہو۔
انتظامیہ نے شہریوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی غیر ملکی کو رہائش یا کاروباری سہولت فراہم کرنے سے گریز کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں