🚔 عید ملن پارٹی: ٹریفک پولیس اور وکلاء کے درمیان ہم آہنگی پر زور

33

مانسہرہ: (مانسہرہ_ڈاٹ_کام) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مانسہرہ کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی میں ایس ایس پی ٹریفک مانسہرہ شہزادی نوشاد گیلانی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر بار روم میں وکلاء برادری کے ساتھ ایک اہم ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی روابط کو مضبوط بنانے، پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تقریب کے دوران وکلاء برادری اور ٹریفک پولیس کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کی فضا کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انصاف کی بروقت فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پولیس اور وکلاء کا مؤثر اشتراک ناگزیر ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک شہزادی نوشاد گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس اور وکلاء معاشرے میں انصاف کی فراہمی کے دو بنیادی ستون ہیں۔ ان کے درمیان ہم آہنگی اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے ہی عوام کو تیز اور مؤثر انصاف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس نہ صرف سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے سرگرم عمل ہے بلکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین سے آگاہی، قانون کی پاسداری اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے بھی مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی پولیس اور وکلاء کے درمیان مثبت اور مضبوط روابط کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ایک پرامن، محفوظ اور قانون پسند معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔








آخر میں ایس ایس پی ٹریفک نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مانسہرہ کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو سراہا۔
پبلک ریلیشنز آفیسر
ٹریفک پولیس مانسہرہ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں