نتھیاگلی: سیاحتی سیزن کے آغاز سے قبل سیکیورٹی، ٹریفک اور سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایس پی حویلیاں جمیل الرحمن نے گلیات ہوٹل ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں سیاحوں کی بڑھتی آمد کے پیش نظر درپیش چیلنجز، حکومتی ہدایات پر عملدرآمد اور سہولیات کی بہتری سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ایس پی حویلیاں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہوٹل مالکان حکومت کی جانب سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر مکمل اور سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ، آرام دہ قیام اور معیاری خدمات فراہم کرنا ہر ہوٹل کی اولین ذمہ داری ہے۔
انہوں نے پارکنگ کے بہتر انتظامات، ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے اور رش کے اوقات میں خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات اور ٹریفک کی بے ترتیبی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
ایس پی جمیل الرحمن نے صفائی ستھرائی، صحت بخش ماحول اور ہوٹلوں میں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو ایک محفوظ، صاف اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا گلیات کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔
اجلاس میں ہوٹل آئی ٹی ایپ (Hotel Eye App) کے مؤثر استعمال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ایس پی نے ہدایت کی کہ تمام ہوٹل مالکان اپنے مہمانوں کا مکمل اور درست ریکارڈ بروقت ایپ میں درج کریں تاکہ سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔




اس موقع پر گلیات ہوٹل ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
📢 نتھیاگلی میں سیاحتی سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس.
17