🛑 سات ماہ بعد لاپتہ نوجوان کی نعش برآمد، علاقے میں خوف و تشویش 🛑

16

بالاکوٹ: سات ماہ قبل باڑی کا رہائشی نوجوان اورنگزیب پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا تھا، جس کی نعش آج وادی کاغان کے علاقے جلگراں کے گھنے جنگل سے انتہائی مخدوش حالت میں برآمد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق نعش کافی عرصہ پرانی ہونے کی وجہ سے ناقابلِ شناخت حد تک متاثر ہو چکی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ کاغان پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جبکہ مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی موقع پر موجود رہی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی کارروائی کے بعد نعش کو ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے شناخت کی تصدیق کے بعد میت لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔ اہلِ خانہ پر غم کی فضا طاری ہے اور علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق نوجوان کی گمشدگی کے بعد اہلِ خانہ نے مختلف مقامات پر تلاش جاری رکھی تھی اور متعلقہ تھانے میں رپورٹ بھی درج کروائی گئی تھی، تاہم کوئی خاطر خواہ سراغ نہیں مل سکا تھا۔
پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ہلاکت کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جلد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں