ایبٹ آباد پولیس کا انقلابی اقدام: eDevice-CR ایپ کا افتتاح، سفری نظام مزید محفوظ بنانے کی جانب اہم پیش رفت.

12

ایبٹ آباد: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے “پہچان ڈیسک eDevice-CR” ایپ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
یہ جدید ایپلیکیشن کامسیٹس یونیورسٹی کے تعاون سے تیار کی گئی ہے، جس کا مقصد ضلع بھر میں چلنے والی ٹیکسی سروسز اور بائیک رائیڈرز کو ایک مربوط اور محفوظ نظام کے تحت رجسٹرڈ کرنا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کو قابلِ اعتماد سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ جرائم کی روک تھام میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔
ڈی پی او ایبٹ آباد نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے شہری کسی بھی سواری میں بیٹھنے سے قبل گاڑی اور ڈرائیور/رائیڈر کی مکمل معلومات فوری طور پر حاصل کر سکیں گے۔ ہر رجسٹرڈ گاڑی اور موٹر سائیکل پر ایک منفرد QR کوڈ آویزاں کیا جائے گا، جسے اسکین کر کے مسافر اپنی تسلی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام سے نہ صرف شہریوں کی سکیورٹی بہتر ہوگی بلکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری ٹریسنگ اور کارروائی ممکن ہو سکے گی۔ افتتاح کے موقع پر ڈی پی او نے خود بھی موٹر سائیکلوں پر QR کوڈز نصب کر کے اس منصوبے کا عملی آغاز کیا۔
مزید تفصیلات کے مطابق، اس منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا:
پہلے مرحلے میں تمام بائیک رائیڈرز کو اس سسٹم میں شامل کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹیکسیوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی اس نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔
ڈی پی او ہارون رشید خان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کر رہی ہے۔ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف جرائم میں کمی آئے گی بلکہ عوام کا پولیس پر اعتماد بھی مزید مضبوط ہوگا۔








#AbbottabadPolice

یہ ایپ ایبٹ آباد پولیس کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جہاں سے شہری آسانی سے اس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں