🚨 مسافروں کے لیے اہم اطلاع: بٹن تا بشام شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متاثر.

41

گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث بٹن اور بشام کے درمیان مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں، جس کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پہاڑی علاقوں سے مٹی اور پتھر گرنے کے باعث متعدد مقامات پر سڑک جزوی طور پر بند ہو گئی، جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے ہیں اور بھاری مشینری کے ذریعے روڈ کلیئرنس کا کام تیزی سے جاری ہے۔
حکام کے مطابق فی الحال چھوٹی گاڑیوں کو محدود پیمانے پر احتیاط کے ساتھ گزارا جا رہا ہے، جبکہ بڑی گاڑیاں دونوں اطراف میں روکی گئی ہیں تاکہ مکمل صفائی کے بعد ہی انہیں بحفاظت گزرنے کی اجازت دی جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر موسم کی صورتحال بہتر رہی تو آئندہ ڈیڑھ سے دو گھنٹوں میں شاہراہ کو مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا اور ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، روانگی سے قبل تازہ ترین ٹریفک اپڈیٹس ضرور حاصل کریں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں