کراچی: گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دیا — بیوی اور تین بچوں کے قتل کا معمہ حل، بہنوئی گرفتار

30

کراچی – سرجانی ٹاؤن میں بیوی اور تین معصوم بچوں کے قتل کا معمہ حل ہو گیا ہے۔ پولیس نے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جو مقتولہ کا بہنوئی نکلا۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں مہوش اور دانش ہنسی خوشی زندگی گزار رہے تھے، اور اللہ نے انہیں تین بچوں سے بھی نواز رکھا تھا۔ دانش محنت مزدوری کرتا، مہوش امورِ خانہ داری سرانجام دیتی۔
دانش نہیں جانتا تھا کہ کوئی اس کی بیوی مہوش پر نظر رکھے ہوئے ہے، اور وہ کوئی اور نہیں اس کا اپنا بہنوئی ہمایوں تھا۔
ہمایوں قریبی رشتہ دار ہونے کے ناطے اکثر دانش کے گھر آتا رہتا تھا، جبکہ اس کے من میں کچھ اور ہی چل رہا تھا۔
ہمایوں کی مہوش پر نظر تب سے تھی جب وہ ڈیڑھ سال قبل برادر نسبتی دانش کا کرایہ دار تھا۔
واقعے کے روز ہمایوں اس وقت گھر داخل ہوا جب اسے یقین تھا کہ دانش گھر نہیں ہوگا اور بچے مدرسے پڑھنے گئے ہوں گے۔
ہمایوں نے پہلے مہوش کے ساتھ زیادتی کرنے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر مہوش کی جان لی اور پھر گھر میں ایک بچی، جس نے اسے یہ سب کرتے ہوئے دیکھ لیا تھا، اس کی جان لی۔
پھر وہ گھر میں ہی موجود رہا اور جب دو بچے مدرسے سے واپس لوٹے تو اس نے دروازہ کھول کر انہیں اندر کیا اور ان دو بچوں کی بھی جان لے لی۔
اس کے بعد ہمایوں نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ پولیس کو اطلاع دی گئی، پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کیے اور ہر زاویے سے تحقیقات کا آغاز ہوا۔
پولیس نے جدید طریقے بروئے کار لاتے ہوئے آخر ہمایوں سے سچ اگلوا ہی لیا۔ اس وقت ہمایوں پولیس کی گرفت میں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں