ہری پور: ٹراما سنٹر میں جدید پولیس سہولت ہسپتال ڈیسک قائم، شہریوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی.

25

ہری پور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن اور ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کے احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹراما سنٹر ہری پور میں جدید پولیس سہولت ہسپتال ڈیسک قائم کر دیا گیا، جس کا باقاعدہ افتتاح جلد متوقع ہے۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر منور خان آفریدی کے درمیان باقاعدہ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت شہریوں کو میڈیکو لیگل سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر، شفاف اور تیز تر بنایا جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سائرہ نسیم، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد تنویر، انچارج پولیس سہولت مرکز کائنات سید اور فوکل پرسن/انچارج پولیس ڈرائیونگ سکول حنا امداد بھی موجود تھیں۔
ایم او یو کا بنیادی مقصد ٹراما سنٹر میں قائم پولیس سہولت ڈیسک کو مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے، تاکہ میڈیکو لیگل کیسز، رپورٹس اور دیگر اہم دستاویزات کی بروقت اور محفوظ فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اس جدید نظام کے تحت تمام ریکارڈ ڈیجیٹل انداز میں محفوظ کیا جائے گا، جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو بار بار تھانوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ بالخصوص دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کے لیے یہ اقدام انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا، کیونکہ تمام متعلقہ سہولیات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہوں گی۔
ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی سہولت میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہری پور پولیس شہریوں کو فوری، آسان اور باوقار خدمات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، اور مستقبل میں بھی ایسے فلاحی منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔







یہ اقدام نہ صرف پولیس اور صحت کے شعبے کے درمیان بہتر رابطے کو فروغ دے گا بلکہ انصاف کی بروقت فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں