ایبٹ آباد: غیر قانونی معدنیات کی نقل و حمل کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد گاڑیاں ضبط، مقدمات درج.

26

ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-II سمیرہ محسود نے محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے ہمراہ ندی دوڑ حویلیاں کے علاقے میں غیر قانونی معدنیات کی نقل و حمل کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران متعدد گاڑیوں کو موقع پر ہی تحویل میں لے لیا گیا جو غیر قانونی طریقے سے معدنی مواد منتقل کر رہی تھیں۔ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2017 کی دفعات 42، 56 اور 86 کے تحت مقدمات درج کر دیے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائیاں غیر قانونی مائننگ کی روک تھام، سرکاری وسائل کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے جاری ہیں، اور اس حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
مزید برآں، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-II سمیرہ محسود نے کھوکھر میرا کے علاقے میں مختلف صنعتی پلانٹس کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر مالکان اور انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے تمام قانونی اور متعلقہ دستاویزات مقررہ وقت یعنی کل تک دفتر میں جمع کروائیں۔
حکام نے واضح کیا کہ مقررہ وقت میں دستاویزات جمع نہ کروانے کی صورت میں متعلقہ افراد اور پلانٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانے، سیلنگ اور دیگر قانونی اقدامات شامل ہوں گے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ غیر قانونی مائننگ اور وسائل کے ناجائز استعمال کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ قومی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں