بٹگرام: منشیات کیس میں ناقص تفتیش پر عدالت برہم، ایس ایچ او سمیت اہلکاروں کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم.

26

بٹگرام: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بٹگرام نے ایک اہم مقدمے کی سماعت کے دوران منشیات کی فرانزک رپورٹ منفی آنے اور مبینہ طور پر ناقص و مشکوک برآمدگی ثابت ہونے پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے تھانہ کوزہ بانڈہ کے ایس ایچ او میر افضل خان سمیت متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
عدالت کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق متعلقہ افسران کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 166(2)، 167 اور 218 کے علاوہ پولیس ایکٹ اور انسدادِ منشیات قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگر کسی مقدمے میں شواہد کو غلط انداز میں پیش کیا جائے یا برآمدگی کو مشکوک بنایا جائے تو یہ نہ صرف انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے بلکہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ کیس میں ملزم کے خلاف پیش کی گئی منشیات کی ایف ایس ایل رپورٹ منفی ثابت ہوئی، جس سے پولیس کی جانب سے کی گئی برآمدگی پر سوالات اٹھ گئے۔ عدالت نے اس عمل کو نہایت سنجیدہ قرار دیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کو ناگزیر قرار دیا۔
دوسری جانب ڈی پی او بٹگرام کی جانب سے فوری معطلی یا سخت محکمانہ کارروائی کے بجائے صرف چارج شیٹ اور انکوائری کا حکم جاری کیے جانے پر قانونی حلقوں اور عوامی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود عملی اقدامات میں تاخیر انصاف کے عمل کو متاثر کر سکتی ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق ایسے معاملات میں فوری اور شفاف کارروائی نہ صرف اداروں پر عوام کے اعتماد کو بحال کرتی ہے بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں