ایبٹ آباد میں ہزارہ پولیس نے عوامی سہولت کے پیش نظر ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے تحصیل حویلیاں میں جدید پولیس سہولت مرکز کا افتتاح کر دیا۔ ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے ویژن کے مطابق اس مرکز کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون الرشید، دیگر پولیس افسران اور مقامی معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ کا کہنا تھا کہ پولیس سہولت مراکز جدید وسائل سے لیس ہیں جہاں شہریوں کو فوری، شفاف اور عوام دوست پولیسنگ خدمات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس اپنی عوام دوست پالیسی کے تحت مؤثر، قابل رسائی اور انصاف پر مبنی خدمات کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ حویلیاں پولیس سہولت مرکز کے قیام کا مقصد شہریوں کو ایک ہی جگہ پر مختلف پولیس سروسز فراہم کرنا اور غیر ضروری چکروں سے بچانا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ہزارہ ریجن میں اس وقت 19 پولیس سہولت مراکز فعال ہیں جبکہ ان خدمات کو تحصیل سطح تک مزید وسعت دینے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ اس اقدام سے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
پولیس سہولت مرکز میں شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ (ملکی و بین الاقوامی)، پولیس کلیئرنس، کرایہ دار رجسٹریشن، فارنرز ڈیسک خدمات اور گمشدہ دستاویزات کی رپورٹنگ جیسی سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کی جائیں گی۔

ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کو عبادت سمجھ کر انجام دیں، عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آئیں اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
ایبٹ آباد: ہزارہ پولیس کا عوامی سہولت کیلئے ایک اور انقلابی اقدام، حویلیاں میں پولیس سہولت مرکز کا افتتاح.
24