🚨 اپر کوہستان: باپ کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار، پولیس کی بروقت کارروائی.

31

اپر کوہستان: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر طاہر اقبال کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ کمیلا پولیس نے ایک سنگین قتل کیس کا سراغ لگا کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل تھانہ کمیلا کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ملزم محمد طاہر سکنہ کندیا نے اپنے سگے والد امیر نواب کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او طاہر اقبال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے۔
ایس ایچ او تھانہ کمیلا عبدالصمد خان نے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ریاض خان اور ایس ڈی پی او صاحبزادہ خان کی نگرانی میں پولیس ٹیم کے ہمراہ جدید تکنیکی وسائل اور مقامی ذرائع کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے دن رات محنت کے بعد مختصر وقت میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے جبکہ مقدمہ تھانہ کمیلا میں درج کر لیا گیا ہے۔
اس کامیاب کارروائی پر ڈی پی او طاہر اقبال نے ایس ایچ او عبدالصمد خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ
“قانون سے بالاتر کوئی نہیں، چاہے جرم کتنا ہی سنگین کیوں نہ ہو۔ انسانی جان کی حرمت سب سے مقدم ہے اور اپر کوہستان پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت مستعد ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس عوام کی خدمت اور امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور ایسے سنگین جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں