وجیہہ سواتی قتل کیس: عدالت نے ملزم رضوان حبیب کی سزائے موت برقرار رکھ دی.

7

راولپنڈی: عدالت نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے وجیہہ سواتی قتل کیس میں مرکزی ملزم رضوان حبیب کی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ عدالت کے مطابق مجرم کو اس وقت تک پھانسی دی جائے گی جب تک اس کی موت واقع نہ ہو جائے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ کو اربوں روپے مالیت کی جائیداد کے لالچ میں مبینہ طور پر دھوکے سے امریکہ سے پاکستان بلوایا۔ مقدمے میں بتایا گیا کہ صلح اور رضامندی کا بہانہ بنا کر وجیہہ سواتی کو پاکستان لایا گیا، جہاں بعد ازاں راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں انہیں قتل کر دیا گیا، جبکہ لاش کو کوہاٹ میں ایک گڑھے میں چھپا دیا گیا۔
یہ مقدمہ اکتوبر 2021 میں تھانہ مورگاہ میں درج کیا گیا تھا۔ کیس میں ملزم کے والد کو بھی شریکِ جرم نامزد کیا گیا تھا، تاہم وہ دورانِ حراست جیل میں انتقال کر گئے۔
کیس کی سماعت ڈویژن بینچ نے کی، جس میں جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس تنویر احمد شیخ شامل تھے۔ سماعت کے دوران امریکی سفارتکاروں کی ٹیم بھی عدالت میں موجود رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں