حویلیاں کے قریب موٹروے پولیس کی کارروائی، کیبل چوری میں ملوث دو ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار.

23

موٹروے پولیس پاکستان نے حویلیاں کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کیبل چوری میں ملوث دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق حویلیاں کے قریب ہزارہ موٹروے پر کافی عرصے سے بجلی اور کمیونیکیشن تاروں کی چوری کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر ایس پی ہزارہ موٹروے فراست بھنڈر نے خصوصی اسکواڈز تشکیل دیے تھے تاکہ اس منظم جرائم میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔
گزشتہ رات دورانِ پٹرولنگ سپیشل اسکواڈ نے ایک مشکوک گاڑی کو دیکھا۔ موقع پر دو ملزمان تار کاٹ کر اس سے کاپر نکالنے میں مصروف تھے۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے قریبی کھائی کی طرف فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اہلکاروں نے اندھیرے اور گھنی جھاڑیوں کے باوجود بہادری اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت تعاقب کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں سید شہزاد شاہ شیرازی سکنہ مانسہرہ اور حسیب جہانگیر سکنہ فتح جنگ ضلع اٹک شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے چوری شدہ تار، تار کاٹنے کے کٹر اور دیگر آلات بھی برآمد کر لیے گئے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق شاہراہوں پر جرائم کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں