ہری پور میں گیس ایجنسی میں آتشزدگی کے دوران ایک معصوم بچے کی جان بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے شہری خان محمد عرف خانا کی بہادری کو شہریوں اور پولیس حکام نے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہری پور میں پیش آیا، جہاں آگ لگنے کے دوران خان محمد نے جان کی پرواہ کیے بغیر آگ میں کود کر بچے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، تاہم اس دوران وہ خود جھلس کر زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر پولیس افسران، جن میں ڈی ایس پی سرکل صدر محمد عارف اور ایس ایچ او تھانہ کھلابٹ انسپکٹر شفیق الرحمن شامل ہیں، نے زخمی شہری کی عیادت کی اور اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔
پولیس حکام نے کہا کہ دوسروں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے افراد معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اہل علاقہ نے بھی خان محمد کی بہادری، جرات اور انسان دوستی کو بھرپور انداز میں سراہا ہے، جس نے علاقے میں انسانیت کی ایک روشن مثال قائم کر دی ہے۔
بریکنگ نیوز: ہری پور میں گیس ایجنسی آتشزدگی — بچے کی جان بچانے والا شہری اصل ہیرو قرار.
20