ایبٹ آباد: تھانہ میرپور کی حدود عثمان آباد (منڈیاں) میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 15 مئی 2026 کی شام تقریباً ساڑھے 7 بجے پیش آیا۔ مقتول افغان شہری عرفان اللہ (عمر تقریباً 25 سے 26 سال) اپنے رشتہ دار کے گھر کسی معاملے پر گلہ شکوہ کرنے گیا تھا، جہاں ملزمان احمد زئی عرف سورج، بخت، فیصل اور سباؤن پہلے سے موجود تھے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق بات چیت کے دوران تلخ کلامی شدت اختیار کر گئی اور جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ اس دوران ملزمان نے مبینہ طور پر عرفان اللہ کو قابو کر لیا جبکہ احمد زئی عرف سورج نے چاقو کے وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔
اہل خانہ زخمی کو فوری طور پر ایوب ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر رہے تھے تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
مقتول کے والد عبد القدوس کی مدعیت میں تھانہ میرپور میں مقدمہ نمبر 744/26 بجرم 302/34 تعزیرات پاکستان درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
تھانہ میرپور کے محرر کے مطابق مرکزی ملزم احمد زئی عرف سورج کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
ایبٹ آباد میں نوجوان کا قتل، مرکزی ملزم گرفتار.
33