سوات سے تعلق رکھنے والے معروف کوہ پیما سید علی شاہ فلک سر چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے معروف ٹریکر نئیر شہزاد کے مطابق سید علی شاہ فلک سر کی چوٹی کامیابی سے سر کرنے کے بعد واپس آ رہے تھے کہ سیفٹی رسی (سیفٹی روپ) ٹوٹ جانے کے باعث وہ گہری کھائی میں گر گئے اور جان کی بازی ہار گئے۔
نئیر شہزاد نے بتایا کہ سید علی شاہ ان کے قریبی دوست تھے اور انتہائی بااخلاق، سادہ مزاج اور مخلص انسان تھے۔ ان کے مطابق مرحوم نے اپنی زندگی میں متعدد مشکل کوہ پیمائی مہمات کامیابی سے مکمل کیں اور ان سے متاثر ہو کر بہت سے نوجوانوں نے بھی کوہ پیمائی کے شعبے کو اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ سید علی شاہ کی وفات سے خیبر پختونخوا اور پاکستان ایک باصلاحیت اور تجربہ کار کوہ پیما سے محروم ہو گیا ہے۔
نئیر شہزاد نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ مرحوم کی میت فلک سر سے منتقل کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
سیفٹی رسی ٹوٹنے سے فلک سر پر حادثہ، معروف کوہ پیما سید علی شاہ زندگی کی بازی ہار گئے.
19