چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر: انتخابات ہر حال میں بروقت ہوں گے، تمام تیاریاں مکمل.

27

آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے اور انہیں مؤخر کرنے کا کوئی امکان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات کی تاریخ تبدیل کرنا مقصود ہوتی تو یہ فیصلہ ایک ماہ قبل کر لیا جاتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ انتخابی عمل کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور پورے آزاد کشمیر میں ریٹرننگ افسران کو پولنگ کا سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی پولنگ مقررہ شیڈول کے مطابق ہوگی، تاہم راولاکوٹ اور پلندری میں ملازمین کی پولنگ نہیں ہوگی۔
غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے بے بنیاد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جن پر عوام کان نہ دھریں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف حلقہ ایل اے 24 سدھنوتی-7 میں ایک امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات کو ری شیڈول کیا جائے گا، جبکہ دیگر تمام حلقوں میں پولنگ اپنے مقررہ وقت پر ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت پاک فوج، رینجرز اور دیگر پیرا ملٹری فورسز تعینات ہوں گی۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات مکمل طور پر صاف، شفاف، پُرامن اور غیرجانبدار ہوں گے، اور آئندہ سات دن کے اندر ہر صورت میں منعقد کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں