افغانستان میں تباہ کن سیلاب، 20 افراد جاں بحق، 100 سے زائد لاپتا.

23

افغانستان کے شمال مشرقی صوبہ نورستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ حکام کے مطابق مختلف حادثات میں 20 افراد جاں بحق، 80 سے زائد زخمی جبکہ 100 سے زائد افراد لاپتا ہیں۔
افغان حکام کے مطابق پیر کے روز آنے والے سیلاب نے صوبائی دارالحکومت پارون سمیت متعدد علاقوں کو شدید متاثر کیا۔ دریا کے کنارے قائم دکانیں سیلابی ریلے کی نذر ہو گئیں اور کئی مقامات پر صرف کیچڑ اور ملبہ باقی رہ گیا۔
افغانستان کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ اب تک 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ زخمیوں کو قریبی طبی مراکز میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق سیلاب سے متعدد ہوٹل، درجنوں دکانیں اور دیگر املاک مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں، جبکہ سیلابی پانی کے ساتھ بڑے بڑے پتھر شہر میں آ جانے سے نقصان میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں اور طوفانوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو دریاؤں، ندی نالوں اور سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں