کراچی: شہر کے علاقے گلشنِ معمار، عمر بروہی گوٹھ میں ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان اپنے ہی فرار ساتھیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے، جبکہ کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گیا۔
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ان کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پر اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران گرفتار تینوں ملزمان سریش، رام چند اور انیل بھی اپنے ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوئے۔ زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
ایس آئی یو کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ 13 جولائی کو ڈاکٹر آکاش کو کلفٹن میں بینک کے باہر لوٹ مار کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ ملزمان مبینہ طور پر 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں ملزمان کو اس سے قبل ساؤتھ زون پولیس اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے مشترکہ کارروائی میں گرفتار کیا تھا، جبکہ ان کے تین مفرور ساتھی، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، تاحال قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت سے باہر ہیں۔
ڈاکٹر آکاش قتل کیس: گرفتار تینوں ملزمان ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، پولیس اہلکار بھی زخمی.
29