پنجاب اور گلگت بلتستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے زیرِ آب، ندی نالوں میں طغیانی.

27

لاہور: پنجاب اور گلگت بلتستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ مختلف شہروں میں ندی نالوں میں طغیانی اور نکاسیٔ آب کے مسائل سامنے آئے ہیں۔
ترجمان واسا کے مطابق لاہور میں صبح سویرے شروع ہونے والا مون سون کا دوسرا اسپیل اب تھم چکا ہے۔ شہر میں لاہور ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے دیگر اعداد و شمار کے مطابق تاج پورہ میں 157.4 ملی میٹر، کاہنہ میں 143 ملی میٹر، شادی پورہ میں 136 ملی میٹر، مغل پورہ میں 133 ملی میٹر، مال روڈ پر 116 ملی میٹر، مناواں میں 112.2 ملی میٹر جبکہ جوہر ٹاؤن میں 81 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر گوجرانوالہ میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر بھر میں نکاسیٔ آب کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ لاہور سے منگوائی گئی اضافی مشینری بھی مختلف علاقوں سے بارش کا پانی نکالنے میں مصروف ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ روز اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا تھا، جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل تاحال جاری ہے۔
دوسری جانب گلگت کے علاقے کنوداس میں گزشتہ رات ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس سے مرکز کالونی میں سیلابی پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔
متعلقہ ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ شہریوں کو بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں