لاہور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق صوبے بھر میں اب تک 21 افراد جاں بحق جبکہ 154 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 15 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ علاوہ ازیں بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص بھی زندگی کی بازی ہار گیا۔
رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے، جبکہ متعدد علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو حکومتی پالیسی کے تحت 10 لاکھ سے 50 لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مون سون کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مون سون بارشوں کا قہر، پنجاب میں 21 افراد جاں بحق، 154 زخمی: پی ڈی ایم اے.
21