راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں قومی اتحاد، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ عزم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی قومی یکجہتی اور اجتماعی کوششوں سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر اور قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، جبکہ یہاں کے محبِ وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام اس کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کو مزید تیز کرنا اور عوام کی خوشحالی کو یقینی بنانا ہے۔
#MansehraDotCom