قصور: ضلع قصور کے علاقے چھانگا مانگا میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بہنیں جاں بحق جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک ہو گئی۔
پولیس اور اسپتال ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نواحی گاؤں ارجن سنگھ میں پیش آیا، جہاں گھر میں پکا ہوا مبینہ زہریلا کھانا کھانے کے بعد 20 سالہ عمارہ اور 13 سالہ تحریم کی حالت غیر ہوگئی۔ دونوں بہنیں جانبر نہ ہو سکیں، جبکہ ان کے والد محمود اور والدہ شاہدہ بی بی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق دونوں بہنوں کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد آبائی گاؤں ارجن سنگھ منتقل کر دی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ کھانے کے نمونے بھی تجزیے کے لیے بھجوانے کا امکان ہے۔