راولاکوٹ: مسلح افراد مختلف عمارتوں پر مورچہ زن، فورسز پر حملے جاری ہیں، ایس ایس پی خاور علی شوکت.

4

راولاکوٹ: ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس، ایس ایس پی خاور علی شوکت نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں مسلح افراد شہر کی مختلف عمارتوں پر مورچہ بند ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کر رہے ہیں۔
راولاکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی خاور علی شوکت نے بتایا کہ حالیہ جھڑپوں میں ایک رینجرز اہلکار شہید ہوا، جبکہ کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کے تانے بانے بیرونی عناصر سے ملتے ہیں اور ایسے افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور ریاستی اداروں پر حملہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔
ایس ایس پی خاور علی شوکت نے مزید کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں، جبکہ شرپسند گروہ آزاد کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلح جتھوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، اور ریاستی ادارے ہر قیمت پر آزاد کشمیر کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں