ہنگو: پولیس پر فائرنگ کرنے والا بدنام زمانہ آئس فروش زخمی حالت میں گرفتار، 60 گرام آئس اور اسلحہ برآمد.

23

ہنگو: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہنگو طارق حبیب خان کی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران سٹی پولیس نے پولیس پر فائرنگ کرنے والے بدنام زمانہ آئس فروش خالد اللہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او سٹی فیاض خان کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ خالد اللہ اپنے ساتھی عارف کے ہمراہ سرکی امد قبرستان کے قریب آئس فروخت کر رہا ہے۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سٹی نے نارکاٹکس ٹیم کے انچارج آفاق خان اور دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے جھاڑیوں کی آڑ سے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے حقِ دفاع کے تحت جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں خالد اللہ زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی عارف اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے 60 گرام آئس اور ایک پستول برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ خالد اللہ منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا اور ضلع ہنگو میں آئس فروشی کے حوالے سے بدنام ملزم سمجھا جاتا تھا۔ اس کے خلاف منشیات اور دیگر جرائم کے کئی مقدمات پہلے سے درج ہیں۔
ڈی پی او ہنگو طارق حبیب خان نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او سٹی فیاض خان، نارکاٹکس ٹیم اور پولیس اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں