چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی عوام سے پرامن ووٹنگ کی اپیل، تشدد کے بجائے ووٹ سے تبدیلی لانے پر زور.

27

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے عوام پر زور دیا ہے کہ اگر وہ تبدیلی چاہتے ہیں تو تشدد کے بجائے ووٹ کی طاقت استعمال کریں اور انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں۔
مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں شہری گھروں سے نکل کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں، کیونکہ مسائل کا حل احتجاج یا جلسے جلوس نہیں بلکہ ووٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان سے بھی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے جو کسی کی ہدایت یا دباؤ پر کام نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ شکست کے بعد دھاندلی کے الزامات لگانا معمول بن چکا ہے، تاہم عوام کو جمہوری عمل پر اعتماد رکھنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ ایل اے 31 کھاوڑہ اور ایل اے 28 لچھراٹ انتہائی حساس حلقے ہیں، جبکہ راولاکوٹ میں حالات کے پیش نظر انتخابی شیڈول میں رد و بدل کا امکان موجود ہے۔ ان کے مطابق عباس پور، ہجیرہ، باغ اور حویلی میں انتخابات کرانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں