لاہور کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں امریکی شہریت رکھنے والی خاتون اور اس کے تین بچوں کی پراسرار اموات کے معاملے میں پولیس نے تحقیقات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ فرانزک رپورٹ کے مطابق خاتون نے مبینہ طور پر اپنے تین بچوں کو زہر آلود آئس کریم کھلانے کے بعد خود بھی وہی آئس کریم کھائی، جس سے چاروں کی موت واقع ہوئی۔
پولیس کے مطابق خاتون اپنے شوہر اور بچوں کے ہمراہ امریکا سے لاہور آئی تھی اور ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ ذہنی مسائل کا شکار تھی اور مبینہ طور پر آن لائن موت کے طریقوں سے متعلق معلومات تلاش کرتی رہتی تھی۔
تحقیقات کے مطابق 17 جولائی کو خاتون نے آئس کریم میں پوٹاشیئم سائنائیڈ ملایا، بچوں کو کھلایا اور بعد ازاں خود بھی کھا لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو بھی زہریلی آئس کریم کھلانے کی کوشش کی، تاہم وہ محفوظ رہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق خاتون نے کیمیکل ایک دوست کے پتے پر منگوایا تھا۔ پولیس نے خاتون کے شوہر کا پولی گرافک ٹیسٹ اور دیگر تفتیش مکمل کی، جبکہ آن لائن کیمیکل فروخت کرنے والے دکاندار اور ڈلیوری رائیڈر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مضبوط چالان تیار کیا جا رہا ہے تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
لاہور: امریکی خاتون اور تین بچوں کی پراسرار اموات کا معمہ حل، پولیس نے تحقیقات کی تفصیلات جاری کر دیں.
20