نوشہرہ: پسند کی مبینہ شادی پر بہن کے قتل کا انکشاف، بھائی گرفتار، اعترافِ جرم.

24

نوشہرہ: ضلع نوشہرہ کے علاقے میاں عیسیٰ میں 29 سالہ خاتون کے مبینہ قتل کا لرزہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے سگے بھائی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس نے دورانِ تفتیش اپنی بہن کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق 29 سالہ تسمیہ نے مبینہ طور پر اہل خانہ کو بتائے بغیر پسند کی چوتھی شادی کی تھی۔ تفتیش کے دوران ملزم شیرباز خان نے اعتراف کیا کہ وہ بہن کی شادی پر مشتعل تھا اور اسی وجہ سے اسے قتل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے یہ بھی اعتراف کیا کہ قتل کے بعد اس نے لاش کے ٹکڑے کرکے انہیں بوری میں بند کیا اور ثبوت مٹانے کی غرض سے دریا میں پھینک دیا۔ تاہم پولیس کو تاحال لاش کی باقیات نہیں مل سکی ہیں اور تلاش کا عمل جاری ہے۔
تحقیقات کے مطابق مقتولہ کی اس سے قبل تین شادیاں ہو چکی تھیں، جبکہ اس کے تیسرے شوہر کا تقریباً دو سال قبل ضلع اٹک میں انتقال ہوگیا تھا، جس کے بعد وہ اپنے بھائیوں کے ساتھ میاں عیسیٰ میں رہائش پذیر تھی۔ بعد ازاں اس نے مبینہ طور پر خفیہ طور پر چوتھی شادی کر لی۔
پولیس کے مطابق خاتون کے لاپتا ہونے پر اس کے سابق شوہر فضل رحمن کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اسی مقدمے کی تفتیش کے دوران پولیس نے ملزم کو حراست میں لیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر قتل کا اعتراف کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور لاش کی باقیات کی تلاش سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں