وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مصروف شاہراہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر اس وقت غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک سانپ اور نیولے کے درمیان اچانک لڑائی شروع ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق دونوں جانور کافی دیر تک ایک دوسرے پر حملے کرتے رہے، جس کے باعث وہاں سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار، گاڑیوں میں سوار افراد اور پیدل چلنے والوں کی بڑی تعداد رک کر یہ منفرد منظر دیکھتی رہی۔ متعدد افراد نے اس واقعے کی ویڈیوز اپنے موبائل فونز میں ریکارڈ کیں، جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں۔
واقعے کے باعث کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی رفتار بھی متاثر ہوئی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔ کچھ دیر بعد سانپ اور نیولا لڑائی ختم کرتے ہوئے قریبی جھاڑیوں کی جانب چلے گئے، جس کے بعد ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہوگئی۔