ایبٹ آباد کے تھانہ نواں شہر کی حدود میں واقع الیاسی مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت شعیب کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع ہنگو کا رہائشی بتایا جا رہا ہے اور حالیہ دنوں میں کالا پل کے علاقے میں مقیم تھا۔
ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، تاہم معائنے کے دوران نوجوان کو مردہ قرار دیا گیا۔
ضروری قانونی کارروائی کے بعد پولیس کی موجودگی میں متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دی گئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ قتل کی وجوہات اور ملزمان کے حوالے سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔


ایبٹ آباد: الیاسی مسجد کے قریب نوجوان کو گولی مار کر قتل، لاش ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل.
4