لاہور: ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کیس، ایس ایچ او سمیت پورا تھانہ معطل.

26

لاہور کے علاقے غازی آباد میں ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تھانہ غازی آباد کا ہنگامی دورہ کیا اور مقدمے میں مبینہ غفلت، کارروائی میں تاخیر اور اعلیٰ افسران کو بروقت آگاہ نہ کرنے پر سخت محکمانہ کارروائی کا حکم دیا۔
ابتدائی انکوائری کے بعد ایس ایچ او شہریار سمیت تھانے کے تمام 78 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ معطل کیے جانے والوں میں سب انسپکٹرز، اے ایس آئیز، ہیڈ کانسٹیبلز، فرنٹ ڈیسک عملہ، محرر اور ڈرائیور بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ایس ایچ او شہریار کی جگہ علی زیب دستگیر کو تھانہ غازی آباد کا نیا ایس ایچ او تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ مقدمے کی تفتیش شفاف انداز میں آگے بڑھائی جا سکے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل تھانہ غازی آباد کے انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات ایک اے ایس آئی پر ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کا الزام سامنے آیا تھا، جس پر مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات میرٹ پر جاری ہیں اور اگر مزید کسی افسر یا اہلکار کی غفلت ثابت ہوئی تو قانون اور محکمانہ قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں