انگلش چینل عبور کرنے والی کشتی میں آگ، 173 تارکینِ وطن ریسکیو.

30

انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش کے دوران تارکینِ وطن سے بھری کشتی کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 173 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کشتی میں سوار افراد سمندری راستے سے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے کہ سفر کے دوران انجن میں آگ لگ گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فرانسیسی امدادی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کشتی میں موجود تمام افراد کو ریسکیو کر لیا۔

حکام کے مطابق 11 افراد معمولی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے فرانس کے شہر بولون سر میر منتقل کیا گیا۔ بعض تارکینِ وطن کو امداد کی ضرورت پڑی جبکہ کچھ افراد نے ایمرجنسی سروسز کی جانب سے پیش کی جانے والی طبی امداد لینے سے انکار کر دیا۔

فرانسیسی میری ٹائم پریفیکچر کے مطابق ریسکیو آپریشن میں 40 فائر فائٹرز، 13 پولیس افسران، 7 ترجمان اور متعدد طبی اہلکار شامل تھے۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو فرانس واپس بھیجا جائے گا، جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

برطانوی شیڈو ہوم سیکریٹری کرس فلپ نے فرانس پر غیر قانونی تارکینِ وطن کی کشتیوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ دوسری جانب ریفارم یو کے کے رہنما نائجل فراج نے غیر قانونی نقل مکانی روکنے کے لیے فوری طور پر سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں