خیبرپختونخوا میں اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کے لیے صرف درخواست جمع کروانا کافی نہیں ہے۔ درخواست گزار کو قانون میں مقرر کردہ شرائط پوری کرنا ہوں گی اور مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی ۔
لائسنس کی اہلیت اور دستاویزات
قوانین کے مطابق درخواست گزار کے لیے بنیادی شرائط :
· پاکستانی شہریت، عمر کم از کم 21 سال، اور درست شناختی کارڈ کا ہونا لازمی ہے۔
· ذہنی صحت، قانون سے مفرور نہ ہونا، اور عدالت سے سزا یافتہ نہ ہونا شرط ہے (سزا پوری کرنے والوں کے لیے استثنا ہے)۔
· دیوالیہ یا عادی مجرم نہ ہو، اور مقامی پولیس کے نزدیک اس کا کردار اور ریکارڈ لائسنس کے لیے موزوں ہو۔
· دستاویزات: مقررہ درخواست فارم، شناختی کارڈ کی کاپی، دو پاسپورٹ سائز تصاویر، اور 300 روپے کے اسٹامپ پیپر پر حلف نامہ ۔ سرکاری ملازمین کو آخری پے سلپ اور محکمے کے سربراہ کا خط بھی جمع کرانا ہوگا۔
درخواست گزار کو مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس کی آرمز برانچ میں جانا ہوگا ۔ وہاں بائیومیٹرک اور دیگر معلومات الیکٹرانک نظام میں درج کی جائیں گی ۔ اس کے بعد درخواست پولیس تصدیق کے لیے بھیجی جاتی ہے ۔ پولیس کی تصدیق کے بعد، درخواست پر مزید کارروائی ہوتی ہے اور لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔
فیس کی تفصیلات
خیبرپختونخوا رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن کے مطابق اسلحہ لائسنس سے متعلق سروس کو نوٹیفائیڈ پبلک سروس کے طور پر شامل کیا گیا ہے ۔
· پولیس تصدیق سے پہلے اسلحہ لائسنس کے لیے مقررہ مدت 7 دن ہے ۔ ذمہ دار افسر ڈپٹی کمشنر جبکہ اپیلیٹ اتھارٹی متعلقہ کمشنر ہے۔
· فیس: صوبائی لائسنس (3,910 روپے)، آل پاکستان لائسنس (9,410 روپے)، اور سرکاری ملازمین (315 روپے) ۔
اگر کسی شہری کی درخواست میں بلاجواز تاخیر ہوتی ہے تو وہ خاموشی سے انتظار کرنے کے بجائے اپنے قانونی حق کو استعمال کر سکتا ہے ۔
شہری درخواست کی رسید، درخواست نمبر اور دستاویزات کے ساتھ اپیلیٹ اتھارٹی (متعلقہ کمشنر) سے رجوع کر سکتا ہے ۔ اگر معاملہ پھر بھی حل نہ ہو تو شہری کے پی رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن سے شکایت درج کر سکتا ہے ۔
شہری اس کمیشن سے رابطہ کر سکتے ہیں :
· فون: 091-9216375
· ویب سائٹ: www.kprts.gov.pk
· ای میل: pschief.rts@kp.gov.pk
خیبرپختونخوا میں اسلحہ لائسنس: قانونی شرائط، درخواست کا طریقہ کار اور شہریوں کے حقوق
17