لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں کرپشن اور رشوت کے لیے اب کوئی گنجائش نہیں، حکومت نے اس ناسور کے خلاف آہنی ہاتھ سے کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ کرپشن میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے خصوصی خفیہ سیل قائم کردیا گیا ہے، جہاں سے موصول ہونے والی رپورٹس براہِ راست انہیں پیش کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق عوامی شکایات کے اندراج کے لیے ہیلپ لائن 1350 قائم کی گئی ہے، جبکہ شکایت کنندہ کی شناخت کو خفیہ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موصول ہونے والی ہر شکایت پر کارروائی کی جائے گی۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ کسی عہدے، تعلق یا سفارش کی بنیاد پر کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل میں خردبرد یا کرپشن کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور لوٹی گئی رقم کی مکمل ریکوری تک معاملہ ختم نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عوام کا پیسہ صرف عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا اور کسی کو سرکاری خزانے سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صوبے میں کرپشن کے لیے اب کوئی گنجائش نہیں، اس ناسور پر آہنی ہاتھ ڈال دیا: مریم نواز.
31