اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران ملک کے مختلف بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
اتھارٹی نے گلگت، دیامر، غذر، ہنزہ، استور، اسکردو اور شگر میں اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے باغ، پونچھ، مظفرآباد، حویلی، بھمبر، سدھنوتی، میرپور اور کوٹلی کو بھی ممکنہ خطرےوالے علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ اور ہری پور میں بھی ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق نوشہرہ، پشاور، صوابی اور مردان کے شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ، کابل، سوات، پنجکوڑہ، کرم، توچی، جہلم، چناب اور راوی میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی آسکتی ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں متوقع بارشوں کے باعث نالہ لئی میں بھی پانی کے شدید بہاؤ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور غیرضروری سفر سے اجتناب کریں۔ متعلقہ اداروں کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا آئندہ 2 سے 3 روز میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ، متعدد اضلاع میں احتیاطی تدابیر کی ہدایت.
29