دھرنے اور احتجاجی جلسے جاری رہیں گے: لیاقت بلوچ.

28

لاہور: نائب امیرِ جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعتِ اسلامی کی جانب سے ملک بھر میں دھرنے اور احتجاجی جلسے جاری رہیں گے، جبکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیرِاعظم اور جماعتِ اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان آئندہ اجلاس 7 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ جماعتِ اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی میں عنایت اللہ، فراست علی، ضیاء الدین، نصراللہ رندھاوا اور نوید علی شامل ہوں گے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت پر منحصر ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کو کتنی سنجیدگی سے اور کتنے وقت میں حل کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعتِ اسلامی کے دھرنے اور احتجاجی سرگرمیاں عوامی مسائل کے حل اور مطالبات کی منظوری کے لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے عمل کے ساتھ ساتھ احتجاجی پروگرام بھی جاری رہیں گے، جبکہ آئندہ کا لائحہ عمل حکومتی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں