کوئٹہ: بولان میڈیکل یونیورسٹی میں مبینہ مالی و انتظامی بے ضابطگیوں کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق یونیورسٹی میں سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق تحقیقات مکمل ہونے کے قریب ہیں، جس کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کیا جائے گا۔
وائس چانسلر بولان میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر شبیر لہڑی کے مطابق مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد معاملہ مزید تحقیقات کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن کے حوالے کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر شعبہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے ایک اہلکار کی جانب سے مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی، جس پر متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کیا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے آنے پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔