مانسہرہ – ضلع مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ کے تھانہ ناران کی حدود کچ ماہلی ڈنہ میں گزشتہ روز معمولی تلخ کلامی پر ایک گروپ نے پتھروں کے وار سے دو بچوں کو قتل کر دیا۔
تھانہ ناران میں علت نمبر 121 کے تحت درج ایف آئی آر میں مقتول عبدالرحمان جمال کی والدہ مہناز زوجہ جمال سکنہ ہری پور نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز 10 ستمبر کو رشید اور عبدالرحمان اپنے مویشیوں کے ساتھ ڈنہ میں موجود تھے کہ دن اڑھائی بجے کے قریب مخالف فریق کے چھ افراد آئے اور آتے ہی گالم گلوچ شروع کر دی اور ساتھ ہی پتھروں کے وار کرکے رشید ولد حیدر اور عبدالرحمان ولد جمال سکنہ گلو دی بانڈی ہری پور کو قتل کر دیا۔
ناران پولیس نے ملزمان عالم زیب، مسکین، رنگین اور بھٹو سمیت ہری پور سے تعلق رکھنے والے کل چھ افراد کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق ملزمان اور مقتولین دونوں ہری پور کے علاقے گلو دی بانڈی کے رہائشی اور خانہ بدوش ہیں۔ دونوں گروپوں میں ایک روز پہلے بھی تلخ کلامی ہوئی تھی، جو تھانہ ناران میں قانونی کارروائی کے بغیر ہی بات ختم کر دی گئی تھی، اور بعد ازاں گزشتہ روز دو بچوں کے قتل کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ناران میں معمولی تنازعہ پر دو بچوں کا لرزہ خیز قتل.
26