خیبرپختونخوا کے سات اضلاع میں بلدیاتی نظام کے ضمنی انتخابات

33

مانسہرہ : خیبرپختونخوا کے سات اضلاع میں بلدیاتی نظام کی مختلف کیٹیگریز میں خالی ہونے والی 12 نشستوں پر تیسرے مرحلے کے ضمنی انتخابات 19 اکتوبر بروز اتوار کو منعقد ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ ضمنی انتخابات کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ملاکنڈ، شانگلہ اور اپر دیر کے اضلاع میں ہوں گے۔ نشستیں جنرل، خواتین، کسان و مزدور، اور نوجوانوں کے لیے مخصوص کیٹیگریز میں خالی ہوئی تھیں، جنہیں پُر کرنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر 88 ہزار 359 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اس مقصد کے لیے 66 پولنگ اسٹیشنز اور 201 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے پیش نظر 23 پولنگ اسٹیشنز کو حساس، جب کہ 5 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ انتخابی عمل کی نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔پولنگ عملے کو بیلٹ پیپرز سمیت دیگر انتخابی سامان ہفتے کے روز حوالے کیا جائے گا، جس کے بعد وہ اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کی جانب روانہ ہو جائیں گے۔

انتخابی مہم کا وقت 17 اور 18 اکتوبر کی درمیانی شب ختم ہو جائے گا، جس کے بعد کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی پر پابندی عائد ہو گی۔صوبائی الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 19 اکتوبر کو بلا خوف و خطر گھروں سے نکل کر اپنا ووٹ ڈالیں اور قومی فریضہ ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے پُرعزم ہے۔*

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں