احمد کنڈی کا خیبرپختونخوا کے لیے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد پابندیوں پر شدید تشویش کا اظہار

38

مانسہرہ نیوز ڈیسک : خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی نے بلدیاتی نظام میں اصلاحات اور مقامی حکومتوں کو حقیقی معنوں میں خودمختار بنانے کے لیے اہم قرارداد جمع کرا دی ہے۔

قرارداد میں آئین پاکستان کے آرٹیکل A-140 میں ترمیم کی تجویز دی گئی ہے تاکہ مقامی حکومتوں کو مکمل سیاسی، انتظامی اور مالی خودمختاری فراہم کی جا سکے۔ احمد کنڈی نے موقف اختیار کیا کہ 1973 کا آئین صوبوں کو مقامی حکومتوں کے قیام اور اختیارات کی منتقلی کا پابند بناتا ہے، تاہم ملک میں بلدیاتی نظام تسلسل، وسائل کی کمی اور خودمختاری کے فقدان جیسے مسائل سے دوچار ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں میں مقامی حکومتوں کو ریاستی ڈھانچے کی لازمی اکائی قرار دیا گیا ہے، مگر ان اداروں کی بار بار تحلیل، غیر مستحکم قانون سازی اور مالی خودمختاری کے فقدان نے ان کے مؤثر کردار کو کمزور کر دیا ہے۔

احمد کنڈی نے مطالبہ کیا کہ مقامی حکومتوں کی مدت، اختیارات اور ذمہ داریوں کی واضح تعریف آئین میں شامل کی جائے، اور ان کی تحلیل یا مدت مکمل ہونے کے بعد 90 دن کے اندر نئے انتخابات کرانا آئینی طور پر لازم قرار دیا جائے۔

قرارداد میں یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد 21 دن کے اندر نئے بلدیاتی اداروں کا اجلاس بلانا ضروری ہو، جبکہ بلدیاتی قوانین میں تبدیلی صرف دو تہائی اکثریت سے ممکن ہو تاکہ نظام میں تسلسل اور استحکام قائم رہے۔ مزید برآں، قرارداد میں آئین میں ایک نیا باب “مقامی حکومتیں” کے عنوان سے شامل کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے تاکہ بلدیاتی ادارے حقیقی معنوں میں فعال اور خودمختار بن سکیں۔

دوسری جانب احمد کنڈی نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ خان کو خط لکھ کر خیبرپختونخوا کے لیے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد پابندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں