ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں دو روزہ احمد فراز بین الاقوامی ادبی کانفرنس کا آغاز

37

مانسہرہ : ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں اردو ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام دو روزہ احمد فراز بین الاقوامی ادبی کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ سینیٹر ولید اقبال اور نامور شاعر احمد فراز کے فرزند اور چیئر مین احمد فراز ٹرسٹ سعدی فراز سمیت ملک کے نامور ادیبوں، شعراء، محققین، اساتذہ اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ شاعر معاشرے کی نبض ہوتا ہے، اس کی حساسیت اور مشاہدہ معاشرتی رویّوں اور سوچ پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احمد فراز ہر زمانے کے شاعر ہیں جن کی شاعری نے نہ صرف اپنے دور میں نوجوان نسل کو متاثر کیا بلکہ آج بھی ان کے اشعار لوگوں کے دلوں اور ذہنوں میں زندہ ہیں اور انہیں مہمیز عطا کر رہے ہیں۔

سینیٹر ولید اقبال نے فراز کی شاعری کو آزادیِ فکر، انسانی وقار اور جمالیاتی احساس کا بے مثال اظہار قرار دیا۔چیئرمین احمد فراز ٹرسٹ سعدی فراز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کی ادبی کانفرنسیں نئی نسل کو ادب سے جوڑنے اور کلاسیکی و جدید ادبی ورثے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔

وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی اس ادبی محفل کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ علامہ اقبال اور احمد فراز جیسے دو ہمہ جہت اور عظیم شعرا ءکے گھرانوں کی نمائندگی کرنے والی شخصیات ہمارے درمیان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف ہزارہ یونیورسٹی بلکہ پورے خطے کے لیے اعزاز، فخر اور مسرت کا باعث ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ علامہ اقبال اور احمد فراز کی شاعری آج بھی دلوں میں زندہ ہے اور اسی احساس نے ہمیں یہ کہنے کا حوصلہ دیا ہے کہ آج ہم نے اقبال کو بھی دیکھ لیا اور فراز کو بھی دیکھ لیا۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یہ دونوں شخصیات ہمارے فکری اور تہذیبی ورثے کا روشن حوالہ ہیں۔

وائس چانسلر نے دو روزہ ادبی کانفرنس کے شاندار انعقاد پر چیئر مین اردو ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر الطاف یوسفزئی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ایسے علمی و ادبی پروگراموں کی ہمیشہ سرپرستی کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ میں تحقیقی ذوق، تخلیقی رجحانات اور ادبی آگہی کو فروغ دیتی ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی میں لینگویج سنٹر کے قیام کی کوشش کی جا رہی ہے جہاں ملکی و علاقائی زبانوں کی ترویج و ترقی کے لیے کام کیا جائے گا۔

اس سے قبل چیئر مین اردو ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر الطاف یوسفزئی نے اپنے خطاب میں کانفرنس کے اغراض و مقاصد، تحقیقی پہلوؤں اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ اردو آئندہ بھی علامہ اقبال، احمد فراز اور دیگر معروف شعرا ءاور ادیبوں کے فکر و فن پر بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

دو روزہ کانفرنس کے دوران احمد فراز کی شاعری، ان کی فکری جہات، مزاحمتی اشعار ، عصری رجحانات اور اردو ادب کی موجودہ صورت حال پر مقالات پیش کیے جائیں گے جبکہ ادبی مباحث بھی کانفرنس کا حصہ ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں