ایبٹ آباد: ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی اور کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ ڈاکٹر وردہ کی فاتحہ خوانی اور لواحقین سے ملاقات کیلئے انکے گھر پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی و کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے مقتولہ لیڈی ڈاکٹر وردہ کے گھر گئے جہاں پر انہوں کے مرحومہ کے والد، بچوں اور دیگر لواحقین سے ملاقات کی اظہار تعزیت اور مرحومہ کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل انویسٹیگیشن ٹیم بنا دی گئی ہے 7ATA کی دفعات بھی شامل کرلیے ہیں، کیس انسداد دہشتگردی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ کیس میں ملوث خاتون سمیت چار ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں ۔کیس کی تفتیش شفاف، میرٹ پر اور تیز رفتاری سے مکمل کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے لائے جارہے ہیں اور انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ لیڈی ڈاکٹر مرحومہ کے لواحقین کو تفتیشی مراحل سے وقتا فوقتاً آگاہ کیا جاتا رہے گا اور وہ کسی بھی مسئلہ کے پیش نظر میرے دفتر تشریف لا سکتے ہیں۔