ایبٹ آباد: لیڈی ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں نامزد ملزمان کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔ سخت سکیورٹی میں ملزمان کو دو روزہ ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں لایا گیا تھا، جہاں پولیس نے مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے اس اندوہناک واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بھی قائم کر رکھی ہے، جس نے جمعہ کے روز مقتولہ لیڈی ڈاکٹر کے گھر کا دورہ کیا۔
مقدمے میں گرفتار ملزمان میں ڈاکٹر کی سہیلی ردا وحید، ندیم ولد اورنگزیب اور پرویز ولد ایوب شامل ہیں، جنہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ خاتون ملزمہ کے شوہر اور معروف تاجر وحید بلا کو بھی معاونت کے الزام میں دفعہ 109 کے تحت مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔