امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی کی قاضی محمد ارشد کو پاکستان بار کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد

81

ایبٹ آباد: امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی کی قاضی محمد ارشد کو پاکستان بار کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد

ایبٹ آباد امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے معروف قانون دان، اسلامی لائر موومنٹ کے سرگرم رہنما اور جماعت اسلامی کے دیرینہ ساتھی قاضی محمد ارشد ایڈووکیٹ کو پاکستان بار کونسل کا رکن منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اس موقع پر عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ قاضی محمد ارشد کا پاکستان بار کونسل کا رکن منتخب ہونا اسلامی لائر فورم اور جماعت اسلامی پر وکلاء برادری کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ ملک میں آزاد عدلیہ، قانون کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے، اور عدلیہ کی تمام بڑی تحریکوں میں جماعت اسلامی اور اسلامی لائر موومنٹ کا کردار نمایاں اور تاریخی رہا ہے۔

عبدالرزاق عباسی نے مزید کہا کہ قاضی محمد ارشد کا انتخاب ہزارہ خطے کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔ انہوں نے ہزارہ بھر کی وکلاء برادری کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء نے اپنی نمائندگی کے لیے انتہائی محنتی، قابل، پروفیشنل اور دیانت دار شخص کا انتخاب کیا ہے، جو وکلاء کے مسائل اور ادارے کے وقار کو مؤثر انداز میں اجاگر کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ قاضی محمد ارشد جیسے باکردار، نظریاتی اور اصول پسند وکیل کا پاکستان بار کونسل میں پہنچنا وکلاء برادری کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے ادارے کی ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔

اس موقع پر نو منتخب رکن پاکستان بار کونسل قاضی محمد ارشد ایڈووکیٹ نے امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں قانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن کے مشن کے مطابق بھرپور اور مؤثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

قاضی محمد ارشد نے کہا کہ انجینئر حافظ نعیم الرحمن ہمیشہ آزاد عدلیہ اور آئین و قانون کی حکمرانی کی بات کرتے ہیں، اور یہی وژن اسلامی لائر موومنٹ اور جماعت اسلامی کا بھی ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بار کونسل کے پلیٹ فارم سے وکلاء کے حقوق اور انصاف کی بالادستی کے لیے بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں